Return to BahaiPrayers.net
Facebook
لوحِ احمد
وہی ہے بادشاہ سب کچھ جاننے والا حکمت سے کام کرنے والا۔
دیکھ یہ باغِ فردوس کی بلبل درخت بقا کی شاخوں پر عالم قدس کی سریلی آواز میں نغمہ سرائی کر رہی ہے اور اخلاص مندوں کو بشارت دیتی ہے موحدوں کو خداوند کریم کی بارگاہ حضور میں بلاتی ہے۔ ان لوگوں کو جو خدا کے لئے ہر چیز سے جدا ہو جاتے ہیں وہ عظیم الشان خبر سناتی ہے جو بادشاہ غالب یکتا خداوند کی طرف سے تفصیل کے ساتھ ظاہر ہوئی۔ محبت رکھنے والوں کو بزم قدس اور اس نورانی جلوہ گاہ میں لے آتی ہے۔
کہدو! یہ جلوہ گاہ وہی شان دار منظر ہے جس کی پیش گوئی سب پیغمبروں کی کتابوں میں کی گئی ہے۔ اسی ظہور کے ذریعے حق باطل سے ممتاز ہو رہا ہے وضاحت سے حکمت آمیز فرمان دیئے جا رہے ہیں۔ کہدو! یہ ظہور زندگی کا وہ درخت ہے جو خدائے برتر، مالک قدرت و عظمت کے پسندیدہ پھل دے رہا ہے۔ اے احمد! اِس بات کی شہادت دو کہ یقیناًوہی خدا ہےُ اس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ بادشاہ نگراں عزّت و قدرت کا مالک ہے اور جسے خدا نے بنام ’’علی‘‘ بھیجا ہے وہ خدا کی طرف سے برحق ہے اور ہم سب اس کے حکم پر عمل کر رہے ہیں۔
کہدو اے قوم! ان احکام کی پیروی کرو جو خدائے عزیز و حکیم کی طرف سے کتاب بیان میں دیئے گئے ہیں۔ کہدو! یقیناًوہ تمام رسولوں کا شہنشاہ ہے او راُس کی کتاب اُم الکتاب ہے۔ تم عارفوں میں شامل ہو جاؤ تو بہتر ہے۔ اس طرح اس قید خانے میں بلبل الٰہی تمہیں نصیحت کر رہی ہے اور کھلی تبلیغ کے سوا اس پر کچھ فرض نہیں۔ اب جو کوئی چاہے ان نصیحتوں سے منہ پھیر لے اور جو چاہے اپنے پروردگار کی جانب راہ اختیار کرے۔ کہدو! اے قوم! اگر تم ان آیات کا انکار کرتے ہو تو پہلے تم کس دلیل سے خدا پر ایمان لائے تھے؟ اے جھوٹوں کے گروہ! وہ بات ہمارے سامنے پیش کرو۔ اس ذات کی قسم جس کے قبضہء قدرت میں میری جان ہے کہ یہ لوگ ایسی بات پیش کرنے پر قادر نہ ہوں گے اور ہر گز پیش نہ کر سکیں گے اگرچہ سب ایک دوسرے کے مددگار ہو جائیں۔ اے احمد! میری غیر حاضری میں میرے فضل کو فراموش نہ کرنا اور اپنی زندگی کے دنوں میں میرے دنوں کو یاد کرتے رہنا۔ پھر میری تکلیف اور جلاوطنی کو جو اس دُور کے قید خانے میں ہے یاد رکھنا اور میری محبت میں اس طرح مستقیم رہنا کہ اگر تم دشمنوں کی تلواروں سے مارے جاؤ تو بھی تمہارا دل میری محبت سے نہ ہٹے اگرچہ سب آسمانوں اور زمینوں کے رہنے والے میری محبت سے تمہیں روکیں۔ میرے دشمنوں کے لئے شعلہ آتش کی مانند اور میرے دوستوں کے لئے کوثر بقاء ہو جاؤ اور ان لوگوں میں شامل نہ ہو جو شک میں پڑے ہوئے ہیں۔ اگر تمہیں میری راہ میں رنج و غم اور میرے نام کی وجہ سے ذلت پہنچے تو پریشان نہ ہونا تم اپنے پروردگار اور اپنے باپ دادا کے پروردگار (خدا) پر بھروسہ رکھنا کیونکہ لوگ تو وہمی راستوں پر چل رہے ہیں۔ دیکھنے والی نظر نہیں کہ خدا کو اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں، نہ سننے کی طاقت ہے کہ خدائی نغمے اپنے کانوں سے سن سکیں۔ ہم انہیں اسی حالت میں دیکھ رہے ہیں جیسا کہ تم بھی دیکھ رہے ہو۔ اس طرح وہموں نے ان میں اور ان کے دلوں میں جدائی ڈال دی ہے اور وہ انہیں خدائے بزرگ و برتر کی راہوں سے روک رہے ہیں اور تم اپنے دل میں یقین رکھو کہ جس نے اس جمال الٰہی سے منہ پھیرا، اس نے تمام گزشتہ پیغمبروں سے منہ پھیر لیا اور وہ ہمیشہ سے ہمیشہ تک خدا کے مقابل تکبر کرتا رہا۔ اے احمد! اس لوح کو حفظ کر اور اپنی زندگی کے دنوں میں اسے پڑھا کر اوررکنے والوں میں شامل نہ ہو کیونکہ خدا نے اس لوح کو پڑھنے والے کے لئے سو (۱۰۰) شہیدوں کا درجہ اور دونوں جہان کی عبادت کا اجر مقرر کیا ہے۔ اس طرح ہم نے تجھ پر اپنے فضل و رحم سے احسان فرمایا ہے تاکہ تو شکر گزار بندوں میں شامل ہو۔ خدا کی قسم جو کوئی سختی یا غم میں مبتلا ہو اور کامل صدق دل سے اس لوح کو پڑھے تو خدا اس کے رنج و غم کو رفع کر دے گا۔ اس کی مصیبت اور تکلیف کو دور کردے گا۔ بے شک وہ رحمن و رحیم ہے۔ سب تعریف خدائے ربّ العالمین کے لئے ہے۔ پھر ہماری طرف سے ان لوگوں کو نصیحت کر جو خدائے بادشاہ عزیزو جمیل کے شہر میں رہتے ہیں۔ جو خدا پر اور اس کے ظہور پرایمان لائے ہیں جسے قیامت کے دن خدا ظاہر کرتا ہے اور یہ لوگ حق و صداقت کے صاف راستوں پر چل رہے ہیں۔
- Bahá'u'lláh