Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اے میرے معبود! اے میری نار! اے میرے نور! میں اُن ایام میں داخل ہو گیا ہوں جن کا تونے اے مالک اسماء اپنی کتاب میں ایّام ھا نام رکھا ہے اور میں تیرے ان دنوں کے قریب آگیا جن میں تو نے عالم ہستی کے باشندوں پر اپنے قلم اعلیٰ سے روزے فرض ٹھہرائے ہیں۔
اے پرودرگار! ان ایّام کے وسیلے اور ان لوگوں کے طفیل جنہوں نے ان دنوں میں تیرے اوامر کی رسی اور احکام کے حلقہ کو مضبوط تھام لیا ہے۔ میں تجھ سے التجا کرتا ہوں کہ تو ہر شخص کو اپنے قرب میں قرار گاہ اور اپنے منوّر ظہور کے حضور مقام عطا فرما دے۔
اے پرودگار! یہ وہ بندے ہیں جنہیں نفسانی خواہش ان کاموں سے نہ روک سکی جو تو نے اپنی کتاب میں نازل فرمائے ہیں۔ ان کی گردنیں تیرے حکم کے آگے جھک گئیں اور انہوں نے تیری ہی عطا کردہ قوت سے تیری کتاب کو تھام لیا اور تیری بارگاہ سے جو حکم ملا اس پر عمل کیا اور جو کچھ ان کے لئے تیری جانب سے نازل ہوا انہوں نے وہی پسند کیا۔
اے پروردگار! تو دیکھتا ہے کہ یہ بندے ان سب باتوں کو مانتے اورقبول کرتے ہیں جو تو نے اپنی الواح میں نازل فرمائی ہیں۔
اے میرے پروردگار! اپنی رحمت و عطا سے انہیں جامِ بقا پلا دے۔ پھر ان کے لئے دریائے بقا میں غوطہ لگانے والے اور شراب وصال پینے والے کا اجر لکھ دے۔
اے بادشاہوں کے مالک! اور بندوں پر رحم کرنے والے! تو ان کے لئے دنیا اور آخرت کی بھلائی مقدر فرما دے۔ پھر ان کے لئے وہ چیز لکھ دے جسے تیری مخلوق میں سے کوئی نہیں پہچانتا۔ پھر ان لوگوں میں سے بنا دے جو تیرے جہانوں میں سے ہر جہان میں تیرااور تیرے عرش کا طواف کرتے رہتے ہیں۔ بے شک تو صاحب اقتداراور علیم و خبیر ہے۔
- Bahá'u'lláh