Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اے میرے خدا ، اے میرے خدا
تیری حمد و ثنا کہ تونے اپنے فضل کے ہاتھوں مجھے عرفان کا آب کوثر پلایا اور اپنی قلم اعلیٰ سے مجھے ایسی عنایت کے ساتھ یاد فرمایا جس کے مقابل تمام دنیا کی چیزیں ہیچ ہیں۔ تو اپنی مخلوق کے اندر اپنے ذکر میں مجھے ناطق اور اپنے بندوں کے درمیان اپنی تعریف میں مجھے متکلم بنادے۔ پھر تو اپنی محبت پر مجھے ایسا مستقیم کر دے کہ تمام جابروں کے ڈالے ہوئے پردے اور تمام فرعونوں کے دبدبے مجھے تیری محبت سے باز نہ رکھ سکیں۔ اے پروردگار! تودیکھتاہے کہ یہ ضعیف تیرے اسم ’’قوی‘‘ سے اوریہ بعید تیرے اسم ’’قریب‘‘ سے اور فقیر تیرے اسم قوی غالب قدیر سے متمسک ہے۔ اے پروردگار میں تیرا وہ بندہ ہوں جس نے تیرا اور تیری نازل کردہ کتاب کے احکام کا دامن مضبوطی سے تھام لیا ہے اور تیرے حضور التجا کرتا ہوں کہ اپنی خاص نعمتوں سے مجھے محروم نہ فرما۔ یقیناًتو جو کچھ چاہے کر سکتا ہے تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو ہی سب پرغالب اور عظمت و جلال کا مالک ہے۔
- Bahá'u'lláh