Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ھواللہ الحی المھیمن القیوم
تو پاک ہے اے خدا، اے میرے معبود! تو ہی وہ ذات ہے جو اپنے عرش عظمت پر برترین رفعت و عزت اور بزرگی میں بے شمار زمانے سے رہا ہے اور اپنی کرسی سلطنت پر قدرت و قوت اور کبریائی کی بلندی پر اس وقت تک رہے گا جس کی کوئی حد و انتہا نہیں۔ تمام جذبہ و شوق میں ڈوبے ہوئے لوگ تیرے شہر رحمت کے دروازے پر کھڑے ہیں اور تمام اہل عشق تیرے نور جمال کے ظہورات کے روبرو مشتاق ہو رہے ہیں اور سارے کارواں تیری ربوبیت کی راہوں میں گامزن ہیں اور تمام پہنچنے والے تیری شراب مکرمت سے بہرہ یاب ہو رہے ہیں۔ا س کے وسیلے جسے تو نے تمام ممکنات پر مہیمن و نگہبان اور تمام موجودات کا قیوم بنایا اور زمینوں اور آسمانوں کی ملکوت میں زندہ و باقی ٹھہرایا ہے میں تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ میرا سفینہ ذات اپنی کینونت کے سمندر میں روانہ فرما تاکہ تیرے دریائے عظمت کی مخفی ترین موجوں کی گہرائی سے تیری حمدیت کے موتی اور تیری ازلیت کی مچھلیاں برآمد کروں، تاکہ کوئی بھی تیرے ماسوا کو نہ دیکھے اور کوئی تیرے سوا کسی کی جانب ملتفت نہ ہو اور تمام بندے تیری بارگاہ قدس کی جانب متوجہ ہوجائیں اور تمام اہل جہان تیری بزم محبت کی جانب دوڑیں اور تیرے جمال محض کے سوا کچھ مدنظر نہ رکھیں اور تیرے دلکش ہاتھوں سے تیرے جام عنایت پینے کے سوا اور کچھ مقصد نہ رکھیں اور تیرے شجر ازلیت سے تیرے ثمرات مکرمت کھانے کے سوا اور کسی چیز کی خواہش نہ کریں تیرے سوا کوئی معبود نہیں ہم سب تیرے بندے اور تیرے جمال کے روبرو سر بسجود ہیں۔
- Bahá'u'lláh