Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اللہ
تو پاک ہے اے خدا، اے میرے خدا! ہر عارف تیرے عرفان سے عاجز و قاصر ہونے کا اقرار کرتا ہے، ہر عالم تیرے ظہورات علم کے روبرو اپنے جہل کا اعتراف کر رہا ہے، تیرے ظہوراتِ قدرت کے آگے ہر صاحب قدرت اپنی کمزوری کا اظہار کرتا ہے، تیرے نشاناتِ غنا کے سامنے ہر غنی اپنے فقر کو تسلیم کرتا ہے، تیرے آثار حکمت کا مشاہدہ کر کے ہر عاقل حیرت زدہ ہے، ہر ایک عارف تیرے حرم عرفان کی جانب متوجہ ہے، ہر ایک قاصد تیرے کعبۂ وصل اور مدینہ لقا کے قصد و اشتیاق میں ہے۔ اس حقیقت کے ہوتے ہوئے کہ عارفوں کے دل اور عاقلوں کے دماغ تیرے عرفان کے مقام پر متحیر ہیں میں مقام عرفان کے ذکر و وصف پر کس طرح کھڑا ہوسکتا ہوں! کیونکہ ہر شخص اپنی سمجھی ہوئی چیز کی تعریف کرتا ہے اور تو اے خدائے پاک کسی کے ادراک میں نہیں آتا اور تیرے ماسوا کے ذریعے تیرا عرفان نہیں ہوتا۔
یا الٰہی! جبکہ میں نے چشم یقین سے دیکھ لیاہے کہ میں تیرے قدس عرفان کی ہوا میں پرواز کرنے سے عاجز ہوں اور تیری شاندار تعریف کے آسمان پر عروج کرنے سے قاصر ہوں اس لیے تیری ان مصنوعات کا ہی ذکر کرتا ہوں جن میں تیری صنعت کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا۔ اے عاشقوں کے محبوبِ قلوب! اے مشتاق دلوں کے طبیب! اگر تمام آسمان و زمین والے تیر ی ان آیات میں سے جن کے ذریعے تو متجلی ہوا ہے ایک آیت کا ادراک کرنا چاہیں تو اپنے آپ کو عاجز دیکھیں گے۔ توپھر اس کلمے کا ادراک کیسے کرسکتے ہیں جس سے تو نے ان آیات کو پیدا کیا ہے؟، تو پاک ہے، تو ہی ہے جس کی شہادت ہر ایک شے دے رہی ہے کہ تو تو ہے، وحدہ لاشریک، تیرے سوا کوئی خدا نہیں، تو ہمیشہ مثل اور نظیر سے پاک رہا ہے۔ ہمیشہ ویسا ہی رہے گا۔ تمام ملوک تیرے مملوک ہیں اور کل وجود غیب و شہود تیرے روبرو مفقود ہے۔ تیرے سوا کوئی خدا نہیں۔ تو ہی عزت و قدرت اور برتری کا مالک ہے۔
- Bahá'u'lláh