Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ھوالبہیٰ الابہیٰ!
اے خداوند مہربان! ہم سب ہویٰ و ہوس کے دام میں اسیر اور تصور و اوہام کے ہاتھوں حقیر ہیں۔ عجز محض ہیں اور فقر مطلق۔ ناتوان و نادان ہیں، پریشان و بے سامان ہیں۔ محتاج ہیں اور بے علاج، بے چارے ہیں اور مجبوریوں کے مارے۔ تو ہی یزدان مہربان ہے۔ رحم کر، فضل فرما، احسان کر، معاف فرما، تائید مبذول کر اور توفیق عطا فرما۔ تاکہ تیری قوت سے تیری خدمت پر استوار ہوجائیں اور تیری محبت کی بازی رچائیں۔ دوئی و بیگانگی کے گرد و غبار جھاڑ کر وحدت و یگانگت کے لباس سے آراستہ ہوں۔ تیرے امر کے فرمانبردار ہوں اور تیری حکمت کے مطیع اور اس کے اسرار سے محرم و آگاہ ہوں۔ تیری محبت کی آگ سے دل کو گرمائیں اور تیری مہربانی کی شمع کے گرد پروانہ وار نثار ہوں۔ آنکھیں ماسوا سے بند کر لیں اور تیرے آستانِ مقدس کی جانب پوری طرح متوجہ ہوجائیں یہاں تک کہ روشن چہروں اور چمکتی ہوئی پیشانیوں کے ساتھ تابندہ دل اور فرخندہ روح ہو کر تیرے ملااعلیٰ کی انجمن میں مبعوث ہوں۔ تو ہی مقتدر و توانا ہے اور تو ہی عالم و بینا۔
- Bahá'u'lláh