Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ہواللہ
اے پروردگار! اے آمرزگار! یہ مجمع تیرے لئے شوریدہ اور تیرے جمال کا گرویدہ ہے۔ عبادت گاہ میں جمع ہو کر تیری رضا کے طالب اور تیری مہربانی کے جویا اور تیری عفو و مغفرت کے خواہاں ہیں۔ خداوند! ہم اطفال ہیں۔ اور تو پدر مہربان، ہم ذلیل ہیں اور تو صاحبِ عزت یگانہ و یکتا ہے۔ خدایا! ہم منتہائے عجز ہیں اور تو مطلق قدرت ہے۔ ہم فقیر ہیں اور تو غنی ہے۔ ہم ناتوان ہیں اور تو توانا۔ خدایا! گناہ معاف فرما اور اپنی پناہ میں منزل عطا کر۔ دنیا کی تاریکیوں سے نجات دے اور لاہوتی انوار سے منور فرما۔ عالم طبیعت سے رہائی بخش اور عالم حقیقت تک پہنچا۔
خدایا! ہم پیاسے ہیں آبِ شیریں عنایت کر۔ بھوکے ہیں آسمانی غذا ہمیں دے۔ مریض ہیں شفائے ابدی عنایت کر۔ فقیر ہیں گنجِ ملکوت بخش۔ اپنے سایہ عنایت تلے ٹھکانا عطا فرما تاکہ تیرے انوار کے مشاہدے سے اپنی آنکھیں روشن کریں۔ اور خود اپنے سننے والے کانوں سے تیری ندا سنیں۔ خدایا! ہمارے مشام کھو ل دے، تاکہ گلشن عنایت کی خوشبوؤں سے ہم مستفیض ہو سکیں۔ خدایا! ہمیں قوت بخش تاکہ ہم تیری راہ میں چل سکیں۔ ہم جہانِ ناسوت میں ہیں عالم لاہوت کی رہنمائی فرما۔ ابواب ملکوت کھول اور اپنے الطاف کو ہمارے شامل حال کر اور اپنے فیض کو کامل فرما۔ تو ہی غفور ہے ، تو ہی رحمن ہے ، تو ہی رحیم ہے اور توہی بخشندہ و مہربان ہے۔
- Bahá'u'lláh