Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ہواللہ
اے پاک یزدان! تو دیکھتا اور سنتا، مقتدر اور توانا ہے۔ نباء عظیم کا آوازہ تمام ممالک و اقالیم میں منتشر ہو چکا اور شمسِ حقیقت کا پر تُو کُل آفاق میں ساطع اور روشن ہوچکا۔ یاران حق نہایت روح و ریحان میں ہیں اور دوستان رحمن اس مہ تابان کے جلوہ جمال سے منجذب ہیں۔ زبانیں تیری یاد سے ہمدم ہیں اور قلوب تیرے قدسی نفحات سے شاد و خرم۔ چہرے تیری جانب ہر دم متوجہ ہیں اور دلوں کو تیرے ہی کوچے کی کشش ہے اور ہر ایک جگر تیری نہر کا تشنہ ہے۔ تیرے اسم اعظم کے ندا نے تمام دنیا میں زلزلہ ڈال دیا ہے اور تیرے کامل کلمہ کی قوت کا جھنڈا شرق و غرب پر لہرا رہا ہے۔ تمام مقبلین نہایت عجز و انکسار سے معمور ہیں اور مومنین نہایت درجہ دلگداز انداز میں محو جمال ہیں۔
اے پروردگار! سب کو تائید و توفیق عطا فرما۔ تاکہ جہان آفرنیش کی آسائش کا سبب بنیں اور مشرق و مغرب کو ملکوتی آرائش بخشیں۔ تمام عالم کی باہمی الفت و یگانگت کا ذریعہ ہوں اور تمام نوع بشر کے خادم بنیں۔ تمام ملل و اقوام کے جان و دل سے حقیقی دوست بن جائیں اور تمام مذاہب و ادیان کے نہایت ہنسی خوشی سے رفیق ہو جائیں۔ بیگانگی کی تاریکیاں محو و معدوم کریں اور وحدت و یگانگت کے پیغام کی سارے جہان میں دھوم مچادیں۔ اے خدا! سب کو اپنی حفاظت میں پناہ دے اور اپنے بے نہایت الطاف سے شادمان و کامران فرما۔ توہی مقتدر و توانا ہے۔ توہی دیکھنے اور سننے والا۔
- Bahá'u'lláh