Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ہواللہ
اے پروردگار! تو بخشنے والا ہے اور اے کردگار! تو بزرگوار ہے۔ پس یاران مشتاق کو اپنے اشراق سے بہرہ ور کر اور اپنے عشاق جمال کو دلبر آفاق کی تجلی کا کوئی پر تو نصیب فرما۔ دشت فرقت کے مارے ہوؤں کو حریم وصال میں لے آ اور صحرائے فراق میں گمشدہ لوگوں کو اپنے حرم وصال کا محرم بنا۔ عاشقوں کو محرومیوں سے نجات دے اور ناکاموں کو بزم قرب میں کامیاب فرما۔ خاموش کو سخن آرا فرما اور ناامیدوں کو امید جان بخش عنایت کر۔ بیگانوں کو آشنا اور محروموں کو محرم راز فرما۔ سرد دلوں کو سرگرم بنا اور سخت دلوں کو اپنی محبت کی آگ سے گرما۔ ہدایت کی راہ دکھا اور ملکوت ابہیٰ کے دروازے کھول دے۔ حسد اور بغض کی بنیادیں اکھیڑ کر محبت و وفا کے ایوان روشن و مزین کر اور بے بسوں کی کار سازی فرما۔
اے دلبر مہربان! ہر بے نوا تیرے ہی کوچے کا طلب گار ہے اور ہر پر ٹوٹا پرندہ تیرے ہی گیسوئے محبت میں گرفتار ہے اور ہر سر گشتہ اور سر گردان تیری ہی طرف ناظر ہے اور ہر دل سوختہ تیرے ہی چشمۂ عنایت کا پیاسا ہے اور اہل جہان ہر چند کہ غافل ہیں تاہم روح سے تیری ہی گفتگو سے دمساز ہیں۔ انجان ہیں، بے پہچان ہے۔ نہ تلاش کرتے ہیں اور نہ تیری راہ میں چلتے ہیں لیکن نظر الطاف کے مستحق اور عنایت و مہربانی کے لائق ہیں۔
اے کریم ہر مریض و گنہگار کی استعداد کی طرف نظر نہ کر۔ اپنے فضل عام سے ان پر نگاہ لطف فرما اور روشن ترین نور کی جانب ان کو ہدایت دے۔ اپنے دوستوں کی یاوری فرما اور ملکوت جمال کے شیدائیوں کو وصال کی خوشخبری دے اور دردمندانِ عشق کے دل و جان کو درمان عنایت کر۔ ہر ایک کو اپنے آستانے کی خدمت کی توفیق عطا فرما اور راست بازوں کے گروہ میں انہیں داخل فرما اور اپنے پیاروں کا دوست بنا۔ تو ہی بخشندہ و درخشندہ و تاباں ہے۔
- Bahá'u'lláh