Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اللہ ابھیٰٰ!
اے منجذبان جمال ابہیٰ! قلب کی ہویت کے اندر دوستوں کی محبت کے سمندر موجزن ہیں اور دل دوستوں کی مودّت سے مخمور و سرشار ہے۔ ایسا کوئی لمحہ نہیں گزرتا جب تمہارا خیال نہ آتا ہو اور ایسی کوئی گھڑی نہیں جب تمہاری یاد دل میں نہ آتی ہو۔ آستانِ مقدس میں بکمال تضرع و ابتہال عرض کرتا ہوں کہ اے قوی قدیر! ہم سبھی تیرے قبضہ قدرت میں اسیر ہیں، تو مجیر و دستگیر ہے۔ عنایت کر، مرحمت فرما، فضل کے دروازے کھول دے اور نگاہ الطاف فرما، نسیم جان بخش بھیج، مشتاق دلوں کو زندہ کر آنکھوں کو روشن کر اور ساحت قلوب کو رشک گلشن و چمن بنا۔ روحوں کو بشارت دے اور جانوں کو مسرت بخش۔ قوت قدیمہ ظاہر فرما اور قدرت عظیمہ باہر فرما۔ طیورِ نفوس کو فضائے جدید میں پرواز دے اور محرمان ناسوت کو اسرارِ ملکوت سے دمساز فرما۔ قدم ثابت بخش، دل مضبوط عطا فرما، ہم گنہگار ہیں، تو بخشنے والا ہے۔ ہم بندے ہیں، تو پروردگار ہے۔ ہم بے سروسامان ہیں، تو ہمارا سہارا اور پناہ ہے۔ اپنے نفحات پھیلانے کے لئے ہمیں تائید عطا کر اور اپنے کلمہ کو بلند کرنے کی ہمیں توفیق بخش۔ بے سروں کو سردار بنا۔ بینواؤں کو گنج رواں بخش۔ ناتوانوں کو توانائی اور کمزوروں کو قوت آسمانی دے۔ تو ہی پروردگار، تو ہی آمرزگار، تو ہی داورِ کردگار ہے۔
اے دوستو اس مناجات کو بکمال تضرع و ابتہال اور کامل توجہ کے ساتھ ملیک ملکوت جلال کی بارگاہ کی جانب متوجہ ہو کر پڑھو اور طلب تائید کرو۔ ربّ مجید کو لطف جدید و فضل قدیم سے امید ہے کہ یہ دعا قبول ہوگی۔
- Bahá'u'lláh