Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ہوالابہیٰ!
اے یزدان پاک! اس مجمع کو شمع عالم بنا اور اس انجمن کو گلزار و گلشن فرما۔ اس کی محفل کو روضۂ رضوان کر اور اس کے مشرق کو مطلع انوار رحمن۔ اس کے مشکبو نفحات سے کوئے محبوب کے عاکفین کے دماغ معطر کر اور اس کی عنبرین نسیم سے ان لوگوں کے دلوں کو جو حریم مقصود کے محرم ہیں فرحت عطا فرما۔ اپنے سایۂ رحمت تلے نفوس کی حفاظت فرما اور قلوب کو حضرت احدیت کی حمایت کے خیمہ امنیت میں جگہ دے۔ اپنے افق ابہیٰ کی تائیدات اور اعلی ترین نوازشوں کے دروازے ان پر کھول دے۔
اگرچہ سب بے بال و پرطیور ہیں لیکن تیرے امر کے باغیچوں میں لانہ و آشیانہ رکھتے ہیں اور تیری بارگاہِ احدیت میں پناہ گزیں اور تجھ سے ہی عون و عنایت اور لطف و رحمت کے طالب و خواستگار ہیں۔ ہم اپنے آپ پر نگاہ کرتے ہیں تو ایک ذرے سے بھی کمتر اور ایک مچھر سے بھی حقیر تر پاتے ہیں اور جب ہم تیری بخشش و عطا کے سمندر کی جانب نظر اٹھاتے ہیں تو ذرات کو آفتاب انور بلکہ روشن تر مشاہدہ کرتے ہیں۔
اے بخشندہ مہربان! ان بینواؤں کی خطاؤں کو دامن عطا میں چھپالے اور ان بیخودوں کی جفاؤں کو جوہر وفا و عقل و ہوش میں تبدیل فرما۔ لوگوں کو ایک نرالی ہمت اور ایک نرالہ ولولہ عطا فرما۔ تاکہ عزت جاوید کے طالب بینں اور نئے نغمات سے لذت آشنا ہوں اور افق اعلیٰ کے خواہاں ہوں اور انجمن کبریا کی جانب بڑھیں اور ملکوت ابہیٰ سے فیضیاب ہوں، یہ ظلمانی جہان نورانی ہوجائے اور یہ عرصۂ شیطانی ساحت رحمانی اور یہ خطۂ خاک فردوس پاک ہو اور گلخن فانی، گلش باقی بن جائے۔۔ توہی مقتدر و توانا اور شنوندہ و بینا ہے۔
- Bahá'u'lláh