Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ہوالابہیٰ!
اے پروردگار! یہ غریب بے چارے تیرے جمال کے شیفتہ تیرے کوچے میں آپڑے ہیں اور تیرے جام ہویت سے سرمست ہیں اور تیری خوئے دلستاں کے شیدائی، تیری جدائی میں اپنے گریبان چاک کر بیٹھے ہیں اور محرومیوں کے عالم میں زہر فراق چکھ رہے ہیں۔ رات دن روتے ہیں اور دن رات تجھے رو رو کر پکارتے ہیں۔ تیرے سوا وہ اور کسی کو نہ جانتے ہیں، نہ پہچانتے ہیں اور تیرے سوا کسی کو نہیں پکارتے۔ بس تو ہی ان کا ٹھکانہ ہے اور تو ہی ان کی پناہ ہے اور تو ہی ان کی ابتداء اور تو ہی ان کی انتہا ہے۔ اگر تو انہیں اپنے سے دور کرے یا اپنے قریب بلائے، قبول فرمائے یا بے آبرو کرے، سُرخرو فرمائے یا شرمسار، ہر صورت میں تو مختار ہے اور توہی پروردگار بخشندہ۔ اگر تو قبول کرلے توہر ادنیٰ اعلیٰ ہو اور اگر رد فرما دے تو ہربزرگوار خوار ہو جائے، ہر پھول کانٹا اور ہر سردار راستے کی خا ک ہوجائے۔ پس اے بخشنے والے ان بندوں پر نوازش کر، ان گر ے ہوؤں کے کام بنا، ان کے دلوں میں ایک شمع روشن کر، ہر شیطان کے لئے انہیں آسمانی گولہ بنا تاکہ تیری یزدانیت کے انوار روشن ہوں اور شبہات کے تاریک پردوں کو جلا دیں۔ تو ہی صاحب قدرت، بینا، زندہ و توانا اور جاننے سننے والا ہے۔ پوشیدہ راز ظاہر فرما اور دلوں کے خار زار کو گلشن و گلزار بنا، روح کو پُر فتوح کر اور جان و وجدان کو بشارت اور صبوحی کا سرور عنایت فرما۔
- Bahá'u'lláh