Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ہواللہ تعالیٰ!
اے پاک یزدان! خداوندِ مہربان! ہم تیرے کوچے میں آوارہ ہیں۔ تیرے جمال کے مشتاق اور تیری خو کے دلدادہ ہیں۔ بے سہارا، درماندہ، ذلیل و حقیر اور کمزور ہیں۔ رحمت و لطف فرما۔ ہمارے بے حد و حساب قصوروں اور خطاؤں سے درگذر اور عیب پوشی فرما۔ ہم جیسے بھی ہیں تیرے ہی ہیں۔ جو کچھ کہتے اور سنتے ہیں وہ تیری توصیف ہے۔ ہم تیرے جمال کے طالب اور تیری راہوں میں گامزن ہیں۔ تو خداوند مہربان ہے اور ہم گنہگار بے سروسامان۔ پس اے ابررحمت! ہم پر برس اور اے گلشن عنایت تازگی بخش ہواؤں کے کچھ جھونکے چلا اور اے دریائے موہبت! موج میں آ، اور اے آفتاب عنایت! تجلی فرما، رحم کر، مہربانی فرما۔ تیرے جمال کی قسم، جز خطا کوئی متاع نہیں اور جز خواہشات کوئی عمل نہیں۔ مگر یہ کہ تیری خطاپوشی کا پردہ سایہ کرے اور تیری حفاظت و حمایت شامل حال ہو ورنہ ان ناتوانوں کی کیا طاقت کہ تیری خدمت پر کمربستہ ہوں اور ان فقیروں کی کیا حیثیت کہ عزت کی بساط اور مجلس سجائیں۔ سب کچھ تیری قدرت و توانائی کی ہی کارفرمائی ہے۔ تائید فرما، توفیق بخش، ان نفوس افسردہ کو ابر موہبت کے چھینٹوں سے تازگی عنایت فرما، اور پسماندہ روحوں کو شمس احدیت کے انوار سے منور کر۔
ان تڑپتی ہوئی مچھلیوں کو اپنے دریائے رحمت تک پہنچا اور راہ سے بھٹکے ہوئے قافلے کو اپنی احدیت کی پناہ گاہ کی راہ دکھا۔ گمراہوں کو چشمہ ہدایت تک پہنچا اور پریشان خاطروں کو عزت و اطمینان کے خیموں میں ٹھکانہ عنایت فرما، پیاسوں کو سلسبیل عنایت سے پلا اور مردوں کو حیات جاودانی کے زندگی بخش پانی سے زندہ کر۔ اندھوں کو بینائی اور بہروں کو شنوائی اور گونگوں کو طاقت گویائی عطا فرما۔ افسردہ دلوں کو گرما اور غافلوں کو ہوشیار کر، سونے والوں کو جگا، مغروروں کو متنبہ کر۔۔ توہی مقتدر، توہی بخشندہ و مہربان ہے۔ بیشک تو کریم اور صاحب فضلِ عظیم ہے۔
- Bahá'u'lláh