Return to BahaiPrayers.net
Facebook
ہواللہ
اے رحمن! اے رحیم! اے کریم! مشرق اور مغرب تیرے مشرق جمال کے انوار سے روشن اور تیرے قدسی نفحات سے روحانی لوگوں کے مشام معطر ہیں۔ اے خدا! بندوں کو اپنی عنایت کے سائے میں پناہ دے۔ نادانوں کو اسرار حقیقت سے آگاہ کر، بے کسوں کو ٹھکانہ اور بے بسوں کو سروسامان بخش اور ٹوٹے ہوئے دلوں کو مسرت سے معمور کر اور پر شکستہ پرندوں کو پرواز کے قابل بنا۔ پیاسوں کو عنایت کے چشمے سے پلا اور فقیروں کو ملکوت کے خزانوں سے مالا مال فرما۔
نابالغوں کو اپنی آغوش عنایت میں پرورش بخش۔ تاکہ وہ بلوغ کو پہنچیں۔ مریضوں کا درمانِ آسمانی سے علاج فرما تاکہ وہ صحت و عافیت پا جائیں۔ خداوندا! اندھوں کو بینا کر اور بہروں کو شنوا اور مردوں کو زندہ اور پژمردوں کو تروتازہ، نا امیدوں کو امیدوار اور محروموں کو اپنی ہر ایک عطا سے بہرہ ور فرما۔ توہی بخشنے والا ہے، توہی دینے والا ہے اور توہی مہربان ہے۔ اے پروردگار! اگرچہ ہم ضیعف ہیں لیکن تو قوی ہے اور ہر چند کہ ہم فقیر ہیں تو غنی ہے اور ہر چند کہ ہم ذلیل ہیں تو عزت کا مالک ہے پس ہمارے فقر و ضعف پر نظر نہ فرما بلکہ جو کچھ تیرے غنائے مطلق اور قوت و قدرت کا اقتضا ہے بخشش فرما۔ توہی رحیم، توہی رحمن، توہی بخشنے والا مہربان ہے۔
- Bahá'u'lláh