Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اے پروردگار! یہ تیرا بندہ مصیبت زدہ محتاج ہے اور تیرا غلام گدائے عاجز اور تیری محبت کا اسیر ہے۔ تیرے حضور میں التجا کر رہا ہے۔ تجھی پر بھروسہ رکھتا ہے۔ تیرے سامنے عاجزی کرتا ہے۔ تجھے پکارتا ہے۔ تجھ سے دعا کرتا ہے اور کہتا ہے اے پروردگار! مجھے توفیق دے کہ تیرے احباب کی خدمت کروں اور مجھے قوت دے کہ تیری بارگاہ احدیت کی بندگی کرتا رہوں اور اپنی بزم قدس میں مجھے غلامی کا شرف عطا فرما کر میری پیشانی کو روشن فرما دے اور اپنے ملکوت عظمت کی طرف مجھے متوجہ رکھ اور اپنے دروازہ الوہیت کے آگے مجھے مقام فنا میں قائم رکھ اور اپنی ربوبیت کے میدان میں میری مدد فرما کہ میں اپنی ہستی کو تیرے حضور میں معدوم کردوں۔
اے پروردگار! مجھے فنا کا جام پلا دے، مجھے فنا کا لباس پہنا دے، مجھے دریائے فنا کی گہرائی میں پہنچا دے، مجھے اپنے احباب کی راہ گذر کا غبار بنا دے۔ مجھے اس سرزمین میں فدا کر دے جس پر تیری راہ میں تیرے پاکباز بندے چلے ہیں۔ اے عزت و برتری کے مالک! بے شک توہی کرم فرما اور برتر ہے۔ یہ وہ التجا ہے جو یہ تیرا بندہ صبح و شام تجھ سے کر رہا ہے۔ اے پروردگار اس کی آرزو پوری کر دے اور اس کے دل و جان کو روشن فرما دے۔ اس کا سینہ کھول دے۔ اس کا چراغ اپنے امر اور اپنے بندوں کی خدمت گذاری میں روشن رکھ۔ بے شک توہی کریم و رحیم ہے بخشنے والا ہے اور تو سب پر غالب نہایت مہربان رحمن ہے۔
- Bahá'u'lláh