Return to BahaiPrayers.net
Facebook
الٰہی الٰہی!
میں تیری وحدانیت و یکتائی اور تیری عزت و عظمت و سلطنت کی شہادت دیتا ہوں۔ میں تیرا بندہ اور تیرے بندے کا فرزند ہوں، سب سے منہ پھیر کر اور تیرے فضل کے نئے نئے انعامات کی امید کرتے ہوئے تیری طرف متوجہ ہوا ہوں۔ میں تیرے آسمان کرم کی بدلی سے برسنے والی بارشوں کا اور تیری کتاب کے بھیدوں کا واسطہ دے کر تجھے سے درخواست کرتا ہوں کہ تو مجھے اپنی محبوب و پسندیدہ باتوں کی توفیق عطا فرما۔ اے پروردگار! یہ بندہ اوہام سے منہ پھیر کر افق ایقان کی طرف متوجہ ہوا ہے اور تیرے دروازہ فضل کے پاس آ کھڑا ہوا ہے اور اپنے سب کام تیرے سپرد کر دیئے ہیں اور تجھ پر بھروسہ رکھتا ہے۔ تو اس سے وہی معاملہ کر جو تیرے آسمان بخشش اور دریائے کرم کے شایان شان ہے یقیناًتو صاحب اقتدار علم و حکمت والا ہے۔ میں گواہی دیتا ہوں کہ اے میرے خدا! تو مجھ سے زیادہ میرے حال کو جانتا ہے۔ تو میرے لئے وہ چیز مقدر فرما دے جو مجھے تیرا قرب بخشے اور میرے لئے دنیا و آخرت میں فائدہ رساں ہو۔ یقیناًتو سارے جہان کا مالک ہے اور تیرے ہی قبضے میں فضل و عطا کی باگ ڈور ہے۔ تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔ تو بہت فضل کرنے والا کرم فرما ہے۔ خدا کی روشنی ان اہل بہآء پر جنہیں تمام قوموں کا شور و غوغا مالکِ قدم سے الگ نہ کرسکا۔ وہ کھڑے ہوگئے اور پکار اٹھے خدا ہی ہمارا پروردگار اور عرش عظیم کا پروردگار ہے۔
- Bahá'u'lláh