Return to BahaiPrayers.net
Facebook
وہی حاکم اور حکمت والا ہے!
یوں عرض کر، اے میرے خدا، اے میرے خدا، میں تیری وحدانیت اور یکتائی کی گواہی دیتا ہوں اور جو کچھ تو نے اپنی کتاب میں نازل فرمایا ہے اس کا اقرار کرتا ہوں۔ میں تیرے ظاہر اور پوشیدہ نام کے وسیلے تجھ سے یہ چاہتا ہوں کہ تو نے اپنی کتاب میں جو احکام دیئے ہیں ان پر عمل کی توفیق عطا فرما۔ اے میرے پروردگار! تو دیکھ رہا ہے کہ میں تیری طرف متوجہ اور تیری عظمت و سلطنت کا اقراری ہوں، تیرے دریائے رحمت کے موتیوں کا اور تیرے آفتاب فضل کی جلوہ ریزیوں کا واسطہ، میری ایسی مدد فرما کہ میں تیرے بندوں کے درمیان اس حکمت کے ساتھ جو تو نے اپنی کتب و الواح میں نازل فرمائی ہے تیرا ذکر اور تیری تعریف کرتا رہوں۔
میں پھر تجھے تیرے اثر کلام، غلبہ ارادہ اور احاطۂ مشیت کا واسطہ دیکر سوال کرتا ہوں کہ مجھے اپنی بخشش و عنایت سے بخش دے اور میرے لئے وہ چیز مقدر فرما دے جو مجھے تیرے امر پر ثابت اور تیری محبت میں راسخ رکھے۔ توہی وہ ذات پاک ہے کہ تمام عالم کی نیرنگیاں تجھے کمزور نہیں کر سکتیں، سارے گروہوں کی طاقت تجھے ضعیف نہیں بناسکتی تو اپنی قوت و قدرت سے جو چاہتا ہے کرتا ہے، تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو اکیلا، یکتا، علم و حکمت والا ہے۔
- Bahá'u'lláh