Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اللہ
اے پاک پروردگار! اے خالق لیل و نہار! تیرا نام سب ناموں پر غالب و حاکم ہے۔ تیرے قلم قدرت کی حرکت سے تمام کائنات حرکت میں ہے، التجا کرتا ہوں کہ اپنے قلم تقدیر سے ایسا فرمان جاری فرما کہ مجھے تیرا قرب حاصل ہو جائے اور ان مخالفوں کی شرارت سے محفوظ رہوں جو تیرا عہد و میثاق توڑ کر تیری حجت و برہان کے منکر ہوگئے ہیں۔ اے پرورش کرنے والے خدا! اے مالک ارض و سماء ! تیرے فراق کی تشنگی نے مجھے بے حال کر دیا ہے، اپنے چشمہ وصال کا پانی پلا۔ تیری عزت و عظمت اور قدرت و اقتدار کی قسم! یہ تیرا بندہ اپنے نفس کی خواہشوں سے خوفزدہ ہے، توہی اسے نفس کی شرارت و بغاوت اور غفلت سے بچا۔ اے میرے پروردگار! تو دیکھتا ہے کہ یہ بندہ ماسوا سے الگ ہو کر تیرے فضل و کرم کی طناب تھام رہا ہے۔ پھر التجا کرتا ہوں، کہ مجھے بھی یہ نعمتیں عطا فرما جو تو نے اپنے امین اور برگزیدہ بندوں کے لئے مقرر فرمائی ہیں اور میرے لئے وہ چیزیں مقدر فرما دے جن سے میری آنکھوں کو ٹھنڈک اور دل کو چین حاصل ہو۔ بے شک توہی سب بندوں کا مالک ہے اور توہی ہر آغاز و انجام میں حاکم ہے۔
- Bahá'u'lláh