Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اے میرے خدا، اے میرے معبود!
تو پاک و مقدس اور انسانی خیالات سے بالاتر ہے۔ میری زبان اور میرا دل اس حقیقت کی شہادت دیتے ہیں کہ تیری نئی نئی نعمتیں زمینوں اور آسمانوں کے ذرّے ذرّے پر اس طرح چھا گئی ہیں کہ ہر چیز پر تیری حجت تمام ہوگئی ہے، تیری دلیل و برہان روشن ہوگئی ہے، تیرا فرمان سب کو پہنچ گیا، تیری سلطنت نمودار ہو گئی، تیرے احکام نازل ہو گئے ہر چیز پر تیرے فیض کے آثار آشکار ہو گئے۔ اے میرے خدا! اب میں ماسوا سے بے نیاز ہو کر اپنے دل اور زبان کو غیراللہ کی محبت اور یاد سے پاک کر کے تیرے خیمۂ عظمت اور شامیانہ رحمت کے سامنے حاضر ہو گیا ہوں۔ اے میرے معبود! اب تو مجھے اپنے شجرۂ فردانیت اور عظیم الشان سدرۂ سلطنت و وحدانیت کے سائے میں داخل فرما اور بندوں کے لئے علم و عرفان کے جواہرات جو تیری آیات میں پوشیدہ ہیں وہ مجھے عطا فرما اور اپنی آیات کی حلاوت مجھے چکھا اور سمت لقا سے مبشرات کی صورت میں اور تیرے سرچشمۂ فضل سے آیات کی شکل میں جو تیرے نفحات قدس سے چل رہے ہیں ان سے مجھے محروم نہ فرما۔ تو جو کچھ چاہے کر سکتا ہے بے شک تو عطا فرمانے والا غالب اور مہربان ہے۔ پھر اے میرے خدا! مجھے اپنے اس امر پر مستقیم بنا دے جس پر تمام کائنات سے بے نیاز ہونے والوں کے سوا کوئی نہیں ٹھہر سکتا۔ پھر اے میرے خدا تو مجھے اپنی حجت پر استقامت بخش اور اپنے جلوہ جمال کے ظہور انوار کے حضور میں مقام عزت عطا فرما اور مجھے اپنے مخلص بندوں میں شامل فرما۔
- Bahá'u'lláh