Return to BahaiPrayers.net
Facebook
اے میرے پروردگار!
تیری حمد و ثنا کہ تونے مجھے اپنی عنایت کا جام شراب اور اپنے لطف و کرم کا آب کوثر پلایا اور مجھے اس حرم قدس کی جانب متوجہ بنایا جو ہمیشہ تیرے انبیاء و اصفیا کا مرکزِ طواف رہا ہے۔ اے میرے پروردگار! تو مجھے اپنی خدمت کی ایسی توفیق عطا فرما کہ تمام دنیا کے لوگوں کا اعتراض و انکار مجھے اس خدمت سے نہ روک سکے اور میں تیرے ذکر میں ایسا گرم گفتار رہوں جس کے باعث بندے نفس و ہویٰ کی قبروں سے اٹھ کھڑے ہوں اور تیرے برتر، روشن ترنام کی طرف متوجہ ہو جائیں۔ اے میرے پروردگار! میں غریب و محتاج ہوں۔ تیرے تخت دولت کے حضور میں رہنا چاہتا ہوں اور میں پیاسا ہوں، اس مقام کی طرف دوڑ کر آیا ہوں جہاں پر تیری اجازت و قدرت سے زندگی کا آب کوثر نکل رہا ہے اور میں بیمار ہوں، تیرے دریائے شفا پر آیا ہوں اور میں ذلیل ہوں، تیرے مطلع عزت کا متمنی ہوں۔ تو اپنے پاس کی نعمتوں سے مجھے محروم نہ فرما۔ اے میرے پروردگار! مجھے ایسی توفیق عطا فرما کہ میرے ذریعے تیرا ذکر تیرے بندوں میں پھیلے اور تیری مخلوق میں تیرا حکم بلند ہو، اور اے میرے خدا! مجھے یقین ہے کہ میں نے تیرے فضل کی جو نئی نئی نعمتیں اور تیرے آسمان جود و کرم سے جو مرادیں مانگی ہیں تو نے میری سب التجائیں قبول فرمالیں، تیرے سوا کوئی خدا نہیں توہی علیم و حکیم ہے۔
- Bahá'u'lláh